بنگلورو،6؍فروری(ایس اونیوز)ریاستی لیجسلیچر اجلاس کے پہلے دن آج گورنر واجو بھائی والا کے خطاب کے بعد حال ہی میں فوت ریاستی وزیر ایچ ایس مہادیو پرساد کو زبردست خراج عقیدت پیش کی گئی ۔ گورنر کے خطبہ کے بعد اسپیکر کے بی کولیواڈ نے ایچ ایس مہادیو پرساد، سابق وزیر ایم شنکر نائک ، راج وردھن اور دیگر سابق اراکین ، جموں وکشمیر میں برف باری میں مارے گئے فوجیوں کیلئے تعزیتی قرار داد پیش کی۔ اسپیکر نے کہاکہ ایچ ایس مہادیو پرساد کی موت سے ریاست ایک تجربہ کار اور سادگی پسند ومتحرک سیاست دان سے محروم ہوگئی۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے بھی مہادیو پرساد کو ایک موثر اور عوام کے تئیں جوابدہ سیاست دان قرار دیا۔ اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے کہاکہ 1994میں وہ مہادیو پرساد کے ساتھ پہلی بار اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے اور اس وقت سے دونوں ساتھ ہیں ، انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاملے میں مہادیو پرساد انتہائی دور اندیشی اور صبر سے کام لیا کرتے تھے۔تمام لیڈروں کی طرف سے تاثرات کے اظہار کے بعد ایوان میں ایک منٹ کی خاموشی کا اہتمام کیا گیا۔ کونسل میں بھی چیرمین شنکر مورتی نے ایچ ایس مہادیو پرساد اور دیگر کی یاد میں تعزیتی قرار داد پیش کی، ایوان کے لیڈر اور وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے اس قرار داد پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے اجلاس میں مہادیو پرساد ہمارے درمیان رہے ، اب وہ نہیں ہیں اس پر یقین ہی نہیں ہوتا۔ پارٹی کو منظم کرنے میں انہوں نے ہمیشہ پوری دیانتداری سے کوشش کی ہے۔ بحیثیت وزیر شکر گنے کے کاشتکاروں کے مسائل کو سلجھانے میں انہوں نے خاص دلچسپی ظاہر کی۔ اپوزیشن لیڈر ایشورپا نے بھی مہادیو پرساد کو ایک سادگی پسند اور بہترین منتظم قرار دیا۔ ایوان بالا میں بھی ایک منٹ کی خاموشی کے بعد کارروائی کو کل تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔